اعوان چوک سے نواب چوک غیر قانونی منڈیاں ،ٹریفک جام
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک(نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی )علی پور چوک میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی دو مویشی منڈیاں قائم کئے جانے کے باوجود اعوان چوک سے نواب چوک تک جگہ جگہ غیر قانونی سیل پوائنٹ بننے سے گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ۔
بتایا گیا ہے کہ عید قربان کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے علی پور چوک میں دو مویشی منڈیاں قائم کئے جانے کے باوجود اعوان چوک سے نواب چوک تک جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف سرکاری اراضی اور فٹ پاتھوں اور دکانوں کے سامنے قربانی کے جانوروں کی فروخت کے غیر قانونی سٹالز قائم کر د ئیے گئے ہیں علاقہ مکینوں کے مطابق جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف قربانی کے جانوروں کے سٹالز لگنے سے سڑک سکڑ گئی ، خریداروں کے رش کی وجہ سے سارا دن ٹریفک جام رہتا ہے اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہتی ہیں ،مسافر گاڑیوں اور ایمبولینسوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جی ٹی روڈ کے تاجر وں نے اپنی دکانوں اور فیکٹریوں کے باہر غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کروا رکھی ہیں وہ بیوپاریوں سے ہزاروں روپے یومیہ وصول کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔