سیالکوٹ:رنگ روڈ کی نشاندہی،متاثرین کا احتجاج
پہلے مرحلے کیلئے 16کلو میٹر گولہوپھالہ ٹو اوورہ چوک کیلئے 10ارب جاری‘300فٹ چوڑی روڈ کیلئے کئی عمارتیں مسمار کرنا ہونگی ‘متاثرین کا آ بادی سے دور بنانے کا مطالبہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )رنگ روڈ سیالکوٹ کی مارکنگ ،متاثرہ 16 دیہات کے شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔تفصیلا ت کے مطابق 1985 سے التوا کا شکار رنگ روڈ سیالکوٹ کے فیز ون 16 کلومیٹر گولہوپھالہ ٹو اوورہ چوک کیلئے حکومت پنجاب نے 10 ار ب روپے کے فنڈز جاری کر دئیے جس پر رنگ روڈ اتھارٹی پنجاب نے مذکورہ روٹ پر مارکنگ شروع کررکھی ہے ۔ مذکورہ رنگ روڈ سے گولو پھالہ، سٹاپ گڑھا، بھیڑی، بٹر، ہیو گڑھا، موماں کلاں،دھتل، نواں پنڈ ہندل ،بھیکو چوہر ،امبانوالہ اور پسرور رو ڈ سے ملحقہ آبادیاں اور دیہات متاثر ہونگے ۔16 کلومیٹر طویل اور 300 فٹ چوڑی جبکہ 12 میٹر اونچی رنگ روڈ تعمیر ہونے سے مذکورہ علاقوں کی عمارتیں مسمار کرنا پڑیں گی جس کیلئے اتھارٹی نے مارکنگ شروع کررکھی ہے جس پر متاثرین کئی روز سے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرین کا مطالبہ ہے کہ رنگ روڈ کو آبادیوں سے دوسری طرف منتقل کیا جائے ۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ رنگ روڈ منصوبہ کو مقامی آبادیوں کے رہائشیوں سے مشاورت کے بعد شروع کیا جائے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ متاثرین کو مارکیٹ ویلیو کے مطابق ادائیگیاں کی جائیں گی۔