ڈسکہ :آوارہ کتوں کی بھرمار ،شہری عدم تحفظ کا شکار
شاہراہوں، بازاروں، میونسپل آفس، تھانوں، دفاتر میں کتوں کے غول
ہیڈ بمبانوالہ،ڈسکہ (نامہ نگار، نمائندہ دنیا )ڈسکہ شہر اور گردو نواح میں آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ۔ شہر اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کیلئے سنگین مسئلہ بن گئی ہے جس کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث یہ مسئلہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے ، ڈسکہ کی مرکزی شاہراہوں، مصروف بازاروں، میونسپل آفس، تھانوں، سرکاری دفاتر،میونسپل آفس، کیمپ آفس، سول ہسپتال، پرانی کچہری سمیت مختلف مقامات پر آوارہ کتوں کے غول دیکھے جا سکتے ہیں جو نہ صرف راہگیروں کیلئے خطرہ بن چکے ہیں بلکہ متعدد افراد کو کاٹنے کے واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔