انسانی سمگلروں اور اشتہاری مجرموں کیخلا ف گھیرا تنگ

انسانی سمگلروں اور اشتہاری مجرموں کیخلا ف گھیرا تنگ

محمد بشیر اور زعفران عباس عرف عرفان جوگی نے سوا کروڑ روپے ہتھیائے

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی ہدایت پر انسانی سمگلروں اور اشتہاری مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ ایف آئی نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 5 مقدمات میں مطلوب بڑے انسانی سمگلر محمد بشیر اور ترکیہ بھیجنے کے نام پر شہری کی جان لینے والے خطرناک اشتہاری ملزم زعفران عباس عرف عرفان جوگی کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے نے گجرات میں کارروائی کرتے ہوئے محمد بشیر نامی انسانی سمگلر کو گرفتار کیا ،ملزم نے شہریوں کو اٹلی، یونان اور دیگر یورپی ممالک میں پرکشش روزگار کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر ایک کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے ۔

ملزم محمد بشیر متاثرین کو آذربائیجان اور دبئی کے راستے غیر قانونی طور پر اٹلی بھجوانے کے دھندے میں ملوث تھا اور انہیں جعلی سفری دستاویزات فراہم کرتا تھا دوسری بڑی کارروائی میں مقتول شہری کے ورثا کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری انسانی سمگلر زعفران عباس عرف عرفان جوگی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے ایک شہری سے ایک روپے وصول کر کے اسے قانونی طریقے سے ترکیہ بھیجنے کا جھانسہ دیا، مگر اسے ایران کے راستے غیر قانونی طور پر سمگل کر دیا۔ 12 فروری 2020 کو متاثرہ شخص کا اپنے گھر والوں سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد انقرہ (ترکیہ) میں قائم پاکستانی سفارتخانے نے مذکورہ شہری کی وفات کی تصدیق کی تھی۔ حکام کے مطابق ملزم انتہائی پیشہ ور مجرم ہے ، جسے انسانی سمگلنگ کے مزید 8مقدمات میں بھی باضابطہ طور پر گرفتار کیا جا چکا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں