وزیر آ باد :نو سربازوں نے معمر خاتون سے زیورات ہتھیا لئے

وزیر آ باد :نو سربازوں نے معمر خاتون سے زیورات ہتھیا لئے

لفٹ کے بہانے زہریلی چیز کھلا دی ، اوجلہ نہر کے قریب پھینک دیا ، ملزم فرار

احمد نگر چٹھہ، وزیر آباد (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر)نوسرباز موٹر سائیکل سوار فیملی نے کارڈیالو جی ہسپتال سے گھر واپس جاتی 60سالہ خاتون سے طلائی زیورات ہتھیا لئے ، ملزم خاتون کو لفٹ دینے کے بہانے ساتھ لے گئے ، واردات کے بعد فرار ہوگئے ۔وزیرآباد کے نواحی گاؤں دھارووال کنگ کی رہائشی حمیداں بی بی کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کارڈیالوجی ہسپتال سے واپس گھر جاتے ہوئے موٹر سائیکل پر لفٹ دی اور مبینہ طور پر زہریلی چیز دے کر بے حال کر دیا ،ملزم خاتون سے طلائی بالیاں چھین کر فرار ہو گئے ، ملزم مبینہ طور پر خاتون کو اوجلہ نہر کے قریب لے گئے جہاں انہیں دھکا دے کر سڑک کنارے پھینک دیا اور فرار ہو گئے ۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے خاتون کو نیم بے ہوشی کی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال وزیرآباد منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزموں کی تلاش کیلئے کارروائی کی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں