بارشیں ‘ اربن فلڈنگ سے بچائو کیلئے اقدامات کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کا بارش کے بعد نشیبی علاقوں کا دورہ ،ایم ڈی واسا نے بریفنگ دی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)مون سون ایمرجنسی پلان کے تحت علی الصبح ہونے والی بارش کے فوراً بعد ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے نشیبی علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور شہر بھر میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واسا، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی مقام پر اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا نہ ہونے دی جائے ۔
ڈپٹی کمشنر نے سول ہسپتال روڈ، جی ٹی روڈ، سیالکوٹ روڈ، کچہری روڈ، سول لائن مارکیٹ، جناح سٹیڈیم کے اطراف سمیت مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بارشی پانی کی نکاسی، ڈسپوزل سٹیشنز کی کارکردگی، ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینوں اور فیلڈ عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا احد ڈوگر نے بارش کے بعد نکاسی آب کیلئے اقدامات، مشینری کی دستیابی اور ڈسپوزل سٹیشنز کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ رہیں، فیلڈ افسر مسلسل مانیٹرنگ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنائیں۔