جودھے والی ماڈل ویلج وزیر اعلیٰ پنجاب کا تحفہ :فیصل اکرام

جودھے والی ماڈل ویلج وزیر اعلیٰ پنجاب کا تحفہ :فیصل اکرام

عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں:رکن اسمبلی

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پاکستا ن مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی فیصل اکرام نے اپنے حلقہ انتخاب جودھے والی ماڈل ویلج کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں اور میونسپل سروسز کا جائزہ لیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ماڈل ویلیج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تحفہ ہے ، ماڈل ویلیج سے گاؤں کے باسیوں کو معیاری سہولیات زندگی کی فراہمی میسر آئے گی۔ انہوں نے ماڈل ویلج میں عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کیلئے تخمینہ جلد از جلد تیار کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ویلج میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں ۔بعد ازاں رکن پنجاب اسمبلی فیصل اکرام نے شفیع دا بھٹہ کے قریب بارشوں سے متاثرہ پل کی سائٹ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پل کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسر وں کو ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق فائل ورک فوری مکمل کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام بلا تاخیر شروع کیا جا سکے ۔اس موقع پر انہوں نے محکمہ ہائی ویز اور محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے کے ذریعے تمام انتظامی اور تکنیکی امور جلد از جلد نمٹائے جائیں تاکہ متاثرہ پل کی تعمیر کا کام فوری آغاز ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں