تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنا نے کا مطالبہ

تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنا نے کا مطالبہ

نجی ادارے 60فیصد طلبہ کو تعلیم فراہم کرکے حکومت کا بوجھ بانٹ رہے‘ڈاکٹر سرفراز

موترہ(نامہ نگار)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ڈسکہ کی جنرل باڈی کا مشاورتی اجلاس زیرِ صدارت ڈاکٹر سرفراز احمد صدر ڈسکہ منعقد ہوا ۔اجلاس میں سانحہ لاہور (کاہنہ)میں شہید ہونیوالے 14بچوں کی المناک شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا، شرکا نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی ۔ انجینئرخرم سجاد نے کہا کہ ایپسما غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے حوالے سے حکومت کے اصلاحی اقدامات کی اصولی حمایت کرتی ہے ، تاہم سکولوں کی رجسٹریشن کیلئے وضع کردہ پیچیدہ، غیر ضروری اور وقت طلب طریقہ کار کو فوری طور پر آسان، شفاف اور یکساں بنایا جائے تاکہ حقیقی تعلیمی اداروں کو بلاوجہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سانحے کے بعد وقتی طور پر سخت اقدامات کرنے کے بجائے ایسی مستقل اور متوازن تعلیمی پالیسیاں مرتب کی جانی چاہئیں جو اصلاح کا ذریعہ بنیں نہ کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا سبب وزیرِ تعلیم پنجاب کے اپنے بیان کے مطابق نجی تعلیمی ادارے صوبے کے تقریباً 60 فیصد طلبہ کو تعلیم فراہم کرکے حکومتی نظامِ تعلیم کا بوجھ بانٹ رہے ہیں، اس لئے پالیسی سازی میں نجی شعبے کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے ۔ اجلاس سے مرکزی نائب صدر اعظم سعید ایڈووکیٹ، عاصم رشید جنرل سیکرٹری ڈسکہ،ڈاکٹر محمد نواز نے بھی خطاب کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں