جیولر شاپ پر دوبارہ وار دات کی کوشش ،ماں بیٹی قابوآگئیں
5ماہ قبل ٹاپس چوری کرکے فرار ، دونوں پولیس کے حوالے ، اعتراف جرم کر لیا
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی )ملکاں والا بازار کے جیولر نے 5ماہ پہلے ایک تولہ کے طلائی ٹاپس چوری کر کے جانے والی ماں بیٹی کو دوبارہ واردات کیلئے آنے پر پہچان لیا، دونوں پولیس کے حوالے کر دی گئیں، اعتراف جرم کر لیا ۔بتایا گیا ہے کہ لدھیوالہ سٹی کے جیولر رانا قیصر کی د کان پر 5ماہ قبل نصرت نامی خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ آئی اور جیولر کو طلائی ٹاپس دکھانے کا کہا اور رش کی وجہ سے ایک تولہ کے طلائی ٹاپس چوری کر کے رفوچکر ہو گئیں، گزشتہ روز دونوں ماں بیٹی دوبارہ رانا قیصر کے پاس آئیں اور اسے طلائی بالیاں دکھانے کا کہا جس نے اپنے موبائل میں محفوظ 5ماہ پرانی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر دونوں کو پہچان لیا اور لدھیوالہ پولیس کو اطلاع دی پولیس نے ماں بیٹی کو گرفتار کر کے تھانہ لدھیوالہ منتقل کر دیا جہاں دونوں ماں بیٹی نے اعتراف جرم قبول کرتے ہوئے پولیس کوبیان دیا کہ انہوں نے جیولر کی د کان سے ٹاپس اورسابق صدر انجمن تاجران غوثیہ بازار قیصر صدیق سیٹھی کی د کان سے زنامہ و مردانہ ملبوسات بھی چوری کئے تھے ۔