حافظ آباد:شہریوں کا صفائی ،واسا کے بل جمع نہ کرانے کا اعلان

حافظ آباد:شہریوں کا صفائی ،واسا کے بل جمع نہ کرانے کا اعلان

گلی محلوں اور مضافاتی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی حالت دن بدن ابتر ہونے لگی حکومت ستھرا پنجاب ایجنسی ختم کر کے ذمہ داری میونسپل کمیٹی کو سونپے :شہری

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )حافظ آباد شہر میں ستھراپنجاب پروگرام ناکام ہوکر رہ گیا ،شہریوں نے ستھراپنجاب ایجنسی اور واسا کی جانب سے ہزاروں روپے کے جاری کردہ بوگس بلز جمع نہ کرنے کا اعلان کردیا،بلز جمع نہ ہونے سے ستھراپنجاب ایجنسی کے ذمہ دار پریشان ہوگئے ۔ شہر میں ستھراپنجاب پروگرام صرف مین شاہرا ہوں اور بازاروں تک محدود ہوکر رہ گیا جبکہ گلی محلوں اور مضافاتی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی حالت دن بدن ابتر ہوتی چلی جارہی ہے اور اکثر علاقے جوہڑوں میں تبدیل ہوکر بیماریوں کا گڑ ھ بن رہے ہیں جہاں ستھراپنجاب کے ورکرز انتہائی کم رہ چکے ہیں وہ سرے سے کوڑاکرکٹ اٹھاتے ہی نہیں ہیں جبکہ گھروں سے کچرااٹھانے کا نظام بھی درہم برہم ہوچکاہے ۔دوسری جانب ستھراپنجاب ایجنسی اور واسا شہریوں کو دھڑادھڑا کئی کئی ماہ کے بوگس بلزہزاروں روپے جرمانے کے ساتھ بھجوارہی ہے لیکن شہری ان بلوں کو جمع کروانے کے بجائے ردی کی ٹوکری میں پھینک رہے ہیں اورکثیر تعداد میں شہریوں نے بلز کو جمع نہ کر انے کا اعلان کردیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ستھراپنجاب کے بلز ایک جگا ٹیکس ہے جسے وہ کسی صورت جمع نہیں کرائیں گے ،حکومت کو چا ہیے کہ وہ ستھراپنجاب پروگرام کو فوری ختم کرکے صفائی ستھرائی کی ذمہ داری پہلے کی طرح میونسپل کمیٹی کی سونپے ورنہ وہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں