رشوت کیس:سپرنٹنڈنٹ جیل کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ

 رشوت کیس:سپرنٹنڈنٹ جیل کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ

اظہر چیمہ کولانے میں تاخیری حربوں پرسینئر سول جج اینٹی کرپشن پربرہم

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )حساس ادارے کے آفیسر کے نام پر ساڑھے چار کروڑ روپے رشوت لینے کے مقدمہ میں عدالت نے معطل سپرنٹنڈنٹ جیل اظہر چیمہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔ جیل کا حاکم اپنی ہی جیل میں ملزم کی حیثیت سے رہے گا ۔ اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسرنے مقدمہ میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر معطل سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہتھکڑی لگا کر سینئر سول جج کریمنل ڈویژن احسان صابر کی عدالت پیش کیا اور ملزم کے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست دی ۔ذرائع کے مطابق سینئر سول جج احسان صابر نے تفتیشی  افیسر سے استفسار کیا کہ سوا تین بجے دوپہر جب عدالتی

 وقت ختم ہونے میں صرف 15 منٹ رہ گئے ہیں اور وہ ایک مقدمہ کا فیصلہ لکھوا رہے ہیں تو اینٹی کرپشن والے ریمانڈ لے کے آگئے ۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے تفتیشی افیسر کو کہا کہ کہاں لکھا ہے کہ وہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا پر ملزم کو جوڈیشل ہی کرینگے عدالت اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ دے سکتی ہے ۔ سینئر سول جج نے تفتیشی افسر کو مخاطب کرتے کہا عدالت صبح آٹھ بجے سے فرائض انجام دے رہی ہے ملزم کے وکلا ایک بجے سے انتظار میں ہیں کہ اینٹی کرپشن والے کب ملزم کو لیکر آئینگے کیا تاخیر سے آنے کا یہ طریقہ درست ہے تاہم اینٹی کرپشن حکام کی استدعا پر سینئر سول جج نے معطل جیل سپرنٹنڈنٹ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی درخواست منظور کر لی ۔یاد رہے کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو مقدمہ کے بعد 20 اگست کو گرفتارکیاگیاتھا اور 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم سے ایک ایم جی گاڑی اور 10 لاکھ روپے برآمد ہوئے ۔ ڈسٹرکٹ بار کے سابق عہدیدار جہانگیر سندھو و دیگر وکلا نے تاخیری حربے استعمال کرنے پر عدالت کی جانب سے اینٹی کرپشن حکام کی سرزنش کو سراہا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...