چین کی ترقی موجودہ عالمی نظام کی تشکیل نو کیلئے ہے، مقررین
بیجنگ ترقی پذیر ممالک کو مواقع فراہم کر رہا،آئی پی ایس میں سیمینار سے خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) چین کی ترقی موجودہ عالمی نظام کو ختم کرنے کیلئے نہیں بلکہ اس کی تشکیل نو کیلئے ہے۔ مساوات، عدم مداخلت اور ریاست کی سرپرستی میں ہونے والی ترقی کے اصولوں کی بنا پر چین ترقی پذیر ممالک کو مواقع بھی فراہم کر رہا ہے۔ اس طرزِ فکر نے چین کو ابھرتے ہوئے کثیر قطبی نظام کے بنیادی محرک کا کردار دے دیا ہے ۔ یہ بات ماہرین اور سکالرز نے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز (آئی پی ایس) میں منعقدہ سیمینار اور کتاب کی تقریبِ رُونمائی کے دوران کہی ۔ تقریب سے خالد رحمٰن، چیئرمین آئی پی ایس ، سابق سفیر سید ابرار حسین، نائب چیئرمین آئی پی ایس، سابق سفیر نغمانہ ہاشمی ، کتاب کے شریک مدیر پروفیسر ڈاکٹر آدم سعود، ڈاکٹر نجم الدین بکر، پروفیسر ڈاکٹر منظور آفریدی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، بین الاقوامی اسلامی یونیوسٹی ڈاکٹر فرحت تاج، ایسوسی ایٹ پروفیسر، یونیورسٹی آف ٹرومسو، ناروے نے خطاب کیا ۔