مری روڈ کو مزید 15فٹ کشادہ کرینگے، ڈی جی آر ڈی اے
رنگ روڈ منصوبہ مارچ تک مکمل ہو جائیگا، 143ہائوسنگ سکیمز ختم کیںنالہ لئی میں کوڑا کرکٹ ڈالنے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا، کنزیٰ مرتضیٰ، پریس کانفرنس
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزیٰ مرتضیٰ نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا رنگ روڈ منصوبہ کا 78فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، امید ہے کہ اسے مارچ 2026کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ راولپنڈی میں 143جعلی ہاؤسنگ سکیمز کی نشاندہی کی گئی تھی جن کا اب کوئی وجود نہیں رہا جبکہ جعلی سکیمز کی تمام سوشل میڈیا مارکیٹنگ مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ یونیورسٹی ٹاؤن کا معاملہ سب کے علم میں ہے، سوسائٹی کے مالک کو طلب کیا گیا ہے جبکہ نیب اور ایف آئی اے کو خط لکھ دیا گیا ہے اور مزید یہ کہ اس ہاؤسنگ سکیم کے مالکان کے قومی شناختی کارڈ زبلاک کرنے کیلئے بھی مراسلہ بھیج دیا گیا ہے، متاثرین کے مسائل کے حل کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مری روڈ کو مزید 15 فٹ تک کشادہ کیا جائے گا اور اس عمل کے دوران کسی بھی کاروبار کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔ نالہ لئی میں کوڑا کرکٹ ڈالنے اور بلڈنگ مٹیریل ڈمپ کرنے پر کارروا ئی کی جا ئیگی ۔