اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری
مرکز کی الاٹمنٹ میں براہ راست اے ای او بھرتی ہونیوالوں کو ترجیح دینے کی ہدایت
راولپنڈی (خاور نواز راجہ) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے۔ اے ای اوز کو دیئے گے سکولوں کے مراکز کی تنظیمِ نو، سکولوں کی دوبارہ الاٹمنٹ اور اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کے تبادلوں بارے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مرکز الاٹمنٹ کے عمل میں مقررہ اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔ 26نومبر 2025کو جاری کیے گئے مراسلے کے بارے میں بھی وضاحت جاری کی گئی ہے کہ بعض اضلاع میں اسے غلط طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، جس کے باعث مراکز کی الاٹمنٹ میں ابہام پیدا ہو گیا تھا۔ ایک اے ای او کو 10سے 12سکول دیئے جاتے ہیں جیسے مرکز کہا جاتاہے جو ان سکولوں کی مانیٹرنگ کرتا ہے۔ محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ مرکز کی الاٹمنٹ میں سب سے پہلے 2018میں براہ راست اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر بھرتی ہونے والوں کو ترجیح دی جائے، اس کے بعد 2016اور 2017میں بھرتی ہونے والے اے ای اوز، ایس ایس ایز اور ایس ایس ٹیز کو مرکز الاٹ کیے جائیں۔