سعودی سفیر کا نمل کا دورہ، طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہا

سعودی سفیر کا نمل کا دورہ، طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہا

یونیورسٹی حکام سے ملاقاتیں ،ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ڈی جی مسلم ورلڈ لیگ پاکستان ونگ کے ہمراہ نمل کا دورہ کیا اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ریکٹر نمل نے معزز سفیر کا استقبال کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ ریکٹر نے سعودی تعلیمی اداروں کے ساتھ دوطرفہ تعلیمی، ثقافتی اور علمی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے نمل کے عزم کا اعادہ کیا۔ نواف بن سعید المالکی نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو سراہتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سٹرٹیجک اور دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا۔ پاکستانی عوام، خصوصاً نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے سفیر نے انکی بے پناہ صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ دونوں جانب سے ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا تاکہ باہمی تعلیمی فوائد حاصل کیے جاسکیں۔ ملاقات میں دونوں جانب سے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جن میں سعودی سفارت خانے کے نمائندگان اور نمل کی علمی و انتظامی قیادت شامل تھی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں