پاک جرمنی تعلقات، کمیونٹی ویلفیئر، ماحولیاتی تعاون پر اجلاس
طلبہ کی سہولیات، میڈیا روابط،دونوں ممالک میں تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیالجرمنی نے تجارت، تعلیم، صحت سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کیا، ثقلین سیدہ
برلن (دنیا رپورٹ) پاکستان سفارت خانہ برلن میں پاکستان، جرمنی تعلقات، اوورسیز کمیونٹی ویلفیئر اور ماحولیاتی تعاون پر اجلاس، پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات، جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، طلبہ کی سہولیات، ماحولیاتی تعاون، میڈیا روابط اور دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستانی سفیرثقلین سیدہ، میاں مبین اختر (ایمبیسیڈر جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل یورپ و صدر گرینڈ اوورسیز کلب انٹرنیشنل یورپ)، طارق عثمانی ، ظہور احمد اور طالب علم انور الحق نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سفیر ثقلین سیدہ نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان 75سال سے زائد عرصے پر محیط سفارتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی نے پاکستان کی ترقی میں تجارت، تعلیم، صحت، صنعتی شعبے، توانائی کے انفراسٹرکچر اور تکنیکی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔ جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل یورپ کے ایمبیسیڈر اور گرینڈ اوورسیز کلب انٹرنیشنل یورپ کے صدر میاں مبین اختر، جو گزشتہ 25برس سے جرمنی میں مقیم ہیں، نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے دوہری شہریت کے تاریخی حق کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس سے وابستہ طارق عثمانی نے سفیر ثقلین سیدہ اور سفارت خانے کے عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سفارت خانے کی پیشہ ورانہ خدمات اور بروقت تعاون کو انتہائی مثبت انداز میں دیکھتی ہے۔ پاکستان جرمن پریس کلب برلن کے صدر ظہور احمد نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی میڈیا کمیونٹی مسائل کو اجاگر کرنے، رابطوں کو مضبوط بنانے اور پیشہ ورانہ صحافت کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔