پاکستان، پاکستانیوں کیلئے میرے دل میں خاص مقام ،ترکیہ سفیر

پاکستان، پاکستانیوں کیلئے میرے دل میں خاص مقام ،ترکیہ سفیر

پاکستانی طلبہ کیلئے ترکیہ سفارت خانہ ہمیشہ کھلا ہے،ثقافتی اور تعلیمی روابط کو مضبوط کرینگے

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی ادارہ برائے تحقیق تاریخ و ثقافت، مرکز فضیلت، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کادورہ کیا۔ وائس چانسلر قائداعظم ڈاکٹر تصور حیات، ڈین نیچرل سائنسز، ڈاکٹر ساجد محمود، ڈائریکٹر این آئی ایچ سی آر، فیکلٹی اورطلبہ نے معزز مہمانان گرامی کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان علمی، تحقیقی اور تعلیمی شعبوں میں اشتراکِ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے ان کے دل میں خاص مقام ہے، جس کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے قومی ادارے کی اشاعت کردہ کتب میں دلچسپی ظاہر کی اور عندیہ دیا کہ عنقریب وہ بھی ترکی سے کتابیں بطور تحفہ بھیجیں گے۔ سکالرز اور طلبہ کو دعوت دی کہ وہ تعلیم میں تعاون کے سلسلے میں پاکستان میں قائم ترکیہ سفارت خانہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی، فکری اور تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔ تصور حیات، وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات ہمیشہ سے مثالی رہے ہیں، ڈاکٹر ساجد نے بتایا کہ قومی ادارے نے جدید ترکیہ کے بانی کمال اتاترک اور ترکیہ کے حوالے سے متعدد اہم کتب شائع کی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں