تابکار مواد ،آئی اے ای اے اور پی این آر اے کی ورکشاپ ختم
ورکشاپ میں 16سے زائد ممالک کے قومی فوکل پرسنز اور متعلقہ ماہرین نے شرکت کی
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) پاکستان نیوکلئیر ریگولیٹری اتھارٹی (PNRA)نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA)کے تعاون سے ’’تابکار مواد کی ترسیل میں رکاوٹوں‘‘ کے موضوع پر پانچ روزہ بین الاقوامی ورکشاپ مکمل کر لی۔ مذکورہ ورکشاپ پی این آر اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ورکشاپ میں 16سے زائد ممالک کے قومی فوکل پرسنز اور متعلقہ ماہرین نے شرکت کی۔ بین الاقوامی ورکشاپ کے دوران تابکار مواد کی ترسیل سے متعلق درپیش ضابطہ جاتی مسائل، عوامی خدشات، اور مختلف اداروں کے درمیان بہتر رابطے اور معلومات کے تبادلے کی ضرورت پر گفتگو کی گئی۔ چیئرمین پی این آر اے ضیاء حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان تابکار مواد کی محفوظ اور بحفاظت انداز میں ترسیل کیلئے عالمی معیار برقرار رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔ آئی اے ای اے کی نمائندہ شازیہ فیاض نے کہا کہ اگرچہ اس شعبے میں ضابطہ جاتی نظام موجود ہے، تاہم تابکار مواد کی ترسیل میں اب بھی مختلف مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے اس مسئلے کے حل کیلئے عملی اور بین الاقوامی سطح پر مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔