ورکرز ویلفیئر فنڈ اور نادرا کے درمیان تاریخی معاہدہ
اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) ورکرز ویلفیئر فنڈ اور نادرا کے درمیان اہم اور تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔۔
، جس کا مقصد ورکرز ویلفیئر فنڈ کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا اور فلاحی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور جدید بنانا ہے ۔اس معاہدے کے تحت محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کی معلومات کی ریل ٹائم ویریفکیشن ممکن بنائی جائے گی تاکہ فلاحی سہولیات کی فراہمی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔معاہدے پر ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے سیکرٹری ذوالفقار احمد جبکہ نادرا کی جانب سے چیف پروجیکٹ آفیسر رحمان قمر نے دستخط کیے ۔ ان سہولیات میں میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ \\\' تعلیمی وظائف اور دیگر فلاحی پروگراموں سے متعلق تمام ضروری ویریفکیشنز شامل ہوں گی۔ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں خدمات کی فراہمی تیز اور مؤثر ہوگی، جس سے لاکھوں محنت کش براہِ راست مستفید ہوں گے ۔ نادرا کے چیف پروجیکٹ آفیسر رحمان قمر نے ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے تاریخی کامیابی قرار دیا۔بعد ازاں دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔