سیکٹر F-14اور F-15 کے نادہندگان کے مزید 13 پلاٹس منسوخ
اقساط جمع نہ کرانے پر خصوصی کمیٹی کی جانچ پڑتال اور سفارشات کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا
اسلام آباد (اے پی پی) ایف جی ای ایچ اے نے سیکٹر F-14 اور F-15 کی بروقت تکمیل اور ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے نادہندہ الاٹیز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 13 پلاٹس کی الاٹمنٹ اور ممبرشپ منسوخ کر دی ہے ۔ ایگزیکٹو بورڈ کی ہدایات پر قائم خصوصی کمیٹی کی جانچ پڑتال اور سفارشات کی روشنی میں طویل عرصے سے واجب الادا اقساط جمع نہ کرانے والے مزید 13 الاٹیز کے پلاٹس فوری طور پر منسوخ کیے گئے ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مکمل شفافیت، میرٹ اور مروجہ قوانین کے مطابق کیا گیا تاکہ منصوبے کی ترقی میں حائل مالی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے ۔ترجمان کے مطابق اس سے قبل بھی 2016 سے مالی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 پلاٹس کی الاٹمنٹ اور ممبرشپ منسوخ کی جا چکی ہے ۔ہاؤسنگ اتھارٹی نے تمام الاٹیز کو خبردار کیا ہے کہ بقایا جات کی جانچ پڑتال کا عمل مسلسل جاری ہے اور جو الاٹیز بار بار مواقع ملنے کے باوجود واجب الادا اقساط جمع نہیں کرا رہے ، ان کے پلاٹس بھی بغیر کسی مزید مہلت کے منسوخ کر دیئے جائیں گے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔