شہریوں کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ،آئی جی
سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے ،علی ناصر رضوی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سینئر پولیس افسران کا اجلاس ہوا، وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا،اجلاس میں شہر بھر میں نافذ سکیورٹی انتظامات، حساس مقامات کی حفاظت، اہم تنصیبات کی نگرانی، پٹرولنگ کے نظام، فوری ریسپانس میکانزم، بین الادارہ جاتی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا، آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ موجودہ سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر تمام دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے ،شہریوں کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام افسران اور جوان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانتداری، فرض شناسی اور جذبے کے ساتھ انجام دیں، انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، عوامی مقامات، تجارتی مراکز، عبادت گاہوں اور حساس تنصیبات پر سکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے جبکہ پٹرولنگ اور چیکنگ کے نظام کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، سرویلنس سسٹمز، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، محفوظ مواصلاتی ذرائع اور ڈیٹا پر مبنی پولیسنگ کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ جرائم کی بروقت روک تھام، مشتبہ سرگرمیوں کی موثر نگرانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مربوط ریسپانس کو یقینی بنایا جا سکے ۔