اقوامِ متحدہ کی انسانی امداد سے متعلق خدمات قابل ستائش ،مصدق ملک
وفاقی وزیر کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل انسانی امور سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک نے اسلام آباد میں اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امداد (OCHA) کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر محمد یحیی سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے محمد یحیی کو اقوامِ متحدہ میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد پیش کی۔ مصدق ملک نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی انسانی امداد سے متعلق خدمات اس ادارے کے سب سے اہم اور مؤثر کرداروں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے قدرتی آفات، انسانی بحرانوں اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے میں اقوامِ متحدہ کی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات کے دوران وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی اور اقوامِ متحدہ کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔