شاہ اللہ دتہ میں تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن جاری
مزید 7غیر قانونی تعمیری ڈھانچے مسمار کر دیئے ،موقع سے 9 افراد کو گرفتار کر لیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے موضع شاہ اللہ دتہ میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مزید 7غیر قانونی تعمیری ڈھانچے مسمار کر دیئے اور موقع سے 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی کے دوران بغیر این او سی کے زیر تعمیر کمرشل پیڈل کورٹ کو بھی مسمار کر دیا گیا ۔اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کی زیر قیادت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت گزشتہ چند روز کے دوران تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا تفریق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ موضع شاہ اللہ دتہ اور سنگھجانی میں کسی بھی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں ہے اور بغیر این او سی ہونے والی تعمیرات کو غیر قانونی تصور کرتے ہوئے فی الفور مسمار کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے موضع شاہ اللہ دتہ کا دورہ کیا اور غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا جائزہ لیا۔