عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی اولین ذمہ داری ،ڈپٹی کمشنر
وقت کی پابندی، نظم و ضبط، شفافیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کو یقینی بنانے کی ہدایت
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تعیناتی کے پہلے روز ڈپٹی کمشنر آفس میں تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز)، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ دفاتر میں وقت کی پابندی، نظم و ضبط، شفافیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ترجیحات پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کرتے ہوئے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام افسران اور محکمے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیم ورک، باہمی تعاون اور بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعے راولپنڈی میں عوامی خدمت، گڈ گورننس اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے اجلاس میں موجود افسران سے ان کے متعلقہ محکموں کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور درپیش مسائل پر بریفنگ بھی لی اور ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق تمام امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔