سیاحوں کی مری آمد میں اضافہ ،ٹریفک پلان سخت ،ہائی الرٹ

سیاحوں کی مری آمد میں اضافہ ،ٹریفک پلان سخت ،ہائی الرٹ

اہم شاہراہوں، سیاحتی مقامات پر اضافی نفری تعینات ،غیر ضروری سفر نہ کرنیکی ہدایت

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ویک اینڈ کی تعطیلات کے باعث ملکہ کوہسار مری میں ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ ہزاروں گاڑیوں کی آمد کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس مری نے خصوصی ٹریفک پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے شہر بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے ، جبکہ تمام اہم شاہراہوں، چوکوں اور سیاحتی مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ترجمان سٹی ٹریفک پولیس مری کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر منیر احمد ہاشمی خود شہر کی مرکزی شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں، اہم چوکوں اور مختلف ٹریفک پوائنٹس کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو بلا تعطل سفری سہولت فراہم کی جا سکے اور کسی بھی ممکنہ ٹریفک دباؤ سے فوری طور پر نمٹا جا سکے ۔ترجمان نے بتایا کہ آر ایم کے (RMK) روڈ پر جاری مرمتی کام اور جھیکا گلی ری ماڈلنگ منصوبے کی وجہ سے بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے ۔ اس لیے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں