او آئی سی وزارتی کانفرنس خواتین اہم سنگ میل ہوگی ،سیدال خان
آئندہ دو برس کیلئے کانفرنس کی سربراہی پاکستان کیلئے اعزاز ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزراء، اعلیٰ حکام اور وفود کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس اہم بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے ۔ او آئی سی ممالک میں خواتین کا سماجی، معاشی اور سیاسی بااختیار بنانا چیلنجز اور آگے کا راستہ کے موضوع پر منعقد ہونے والی کانفرنس مسلم دنیا میں خواتین کی تعلیم، صحت، معاشی شمولیت، کاروباری مواقع، ٹیکنالوجی تک رسائی اور قیادت کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ پاکستان آئندہ دو برس کے لیے او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی سربراہی سنبھال رہا ہے ، جو ملک پر رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے ، صنفی مساوات کے فروغ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے او آئی سی ممالک کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔