آذربائیجان کیساتھ دو طرفہ تجارت کا فروغ اولین ترجیح ، قاسم محی الدین

 آذربائیجان کیساتھ دو طرفہ تجارت کا فروغ اولین ترجیح ، قاسم محی الدین

سیاسی تعلقات سے استفادہ کرتے ہوئے ٹھوس، پائیدار اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے

   اسلام آباد(الماس حیدرنقوی) آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے آذربائجان کے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) کے تحت ہمارے برادر ممالک نے متعدد مخصوص اشیاء پر ٹیرف میں رعایتیں دینے کی راہ ہموار کی ہے ۔ ترجیحی تجارتی معاہدے کے ساتھ ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافے کی حوصلہ افزائی میں مدد دی ہے ۔ تجارتی لین دین کے زیادہ مؤثر اور بروقت تصفیے کے لیے کسٹمز قوانین اور ضوابط کو ہم آہنگ کرنے اور کمرشل بینکوں کے درمیان تعاون کے طریقہ کار کو مربوط بنانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ ان دونوں اہم معاہدوں کے نفاذ کے بعد باکو اور پاکستان کے مختلف تجارتی مراکز میں کاروباری اداروں کے درمیان بڑے پیمانے پر B2B روابط اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے ۔ پاکستان کے سرکردہ چیمبرز آف کامرس اور کاروباری تنظیموں کے وفود بھی باقاعدگی سے باکو کا دورہ کر رہے ہیں اور مواقع تلاش کرنے کے لیے اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ دوطرفہ تجارت کا فروغ ہماری قیادت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اسی لیے بین الحکومتی کمیشن کے اجلاسوں کے دوران بھی اس معاملے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ ہمارا مشترکہ مقصد مضبوط سیاسی تعلقات سے استفادہ کرتے ہوئے ٹھوس، قابلِ عمل اور پائیدار اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...