رن فار کراچی سے شہر کا مثبت چہرہ عیاں ہوگا، مرتضیٰ وہاب

رن فار کراچی سے شہر کا مثبت چہرہ عیاں ہوگا، مرتضیٰ وہاب

میرا تھون میں بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی بھی شریک ہوں گے ، میئرماضی میں کراچی کا مسخ چہرہ پیش کیا جاتا رہا، نفی کا وقت آگیا ہے ، پریس کانفرنس

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بی وائے ڈی کراچی میراتھون 2026رن فار کراچی نہ صرف ایک اسپورٹس ایونٹ ہے ، بلکہ دنیا بھر کے سامنے کراچی کا مثبت، روشن اور پُرامن چہرہ عیاں کرنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے ،5 کلو میٹر میراتھون صبح دس بجے شروع ہوگی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس میں شرکت کر سکیں، اس میرا تھون میں بین الاقوامی سطح کے اسپورٹس کھلاڑی بھی شرکت کیلئے آ رہے ہیں، شہریوں کو چاہیے کہ وہ بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ ہم دنیا کو پیغام دے سکیں کہ کراچی ایک زندہ دل، محفوظ اور اسپورٹس دوست شہر ہے ،بدقسمتی سے کراچی کا چہرہ ماضی میں دنیا کے سامنے مسخ کرکے پیش کیا جاتا رہا، تاہم ایسے ایونٹس سے اس تاثر کی نفی ہوگی۔یہ بات انہوں نے میرا تھون کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ایتھلیٹس، منتظمین اور دیگر بھی موجود تھے ۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رن فار کراچی ایک بہترین اور بامقصد سلوگن ہے جو شہر سے محبت اور وابستگی کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیہ عظمیٰ شہریوں کو تفریح، صحت مند سرگرمیوں اور مثبت مواقع فراہم کرتی رہے گی اور بی وائے جی کراچی میراتھون 2026 اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے ۔علاوہ ازیں میئر اور ڈپٹی میئر نے بلدیہ عظمیٰ کے ملازم اقبال کے انتقالِ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں