کھپرو میں پینے کے پانی کا شدید بحران، تالاب خشک ہوگئے
واٹر سپلائی کے 6تالاب مکمل خالی، شہریوں کوپانی نہ ملنے سے پریشانی کا سامناوارہ بندی سے بحران، ٹوٹی ہوئی لائنوں میں سیوریج پانی بھی شامل ہونے لگا
کھپرو (نامہ نگار)تمام تالاب خشک ہونے سے شہر میں پینے کے پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے ، واٹر سپلائی کے 6 تالاب مکمل طور پر خالی ہوگئے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے نارا کینال، کھپرو کینال اور شاہ بخش شاخ سے نہری پانی کی فراہمی کے لیے مختلف اسکیمیں قائم کی گئی ہیں، جہاں اسٹاف اور مشینیں نصب ہیں۔ ذرائع کے مطابق نارا کینال اسکیم میں نہری کے بجائے مبینہ بورنگ کا کھارا پانی سپلائی کیا جارہا ہے ، جبکہ کھپرو کینال پر قائم اسکیم میں چھوٹی مشینیں اور بڑے پائپ لگائے گئے ہیں، جس کے باعث پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 10 انچ کی لائن میں صرف 4 انچ پانی آرہا ہے ۔ شہر کی واٹر سپلائی کا زیادہ تر انحصار شاہ بخش شاخ سے آنے والے پانی پر ہے ، جس سے تمام تالاب بھرے جاتے ہیں، تاہم وارہ بندی کے باعث اکثر پانی کی فراہمی بند رہتی ہے ۔ دوسری جانب شہر میں بچھائی گئی پانی کی لائنیں تقریباً 30 سال پرانی ہوچکی ہیں، جو کئی مقامات پر ٹوٹی اور گٹروں کے ساتھ ملی ہوئی ہیں، جس سے شہریوں کو بدبودار اور آلودہ پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔ بدبو کی شکایات پر واٹر سپلائی انتظامیہ کی جانب سے رات دن اضافی پانی چلایا جاتا رہا، جس کے نتیجے میں 4 بڑے ، 2 چھوٹے تالاب اور 2 برساتی جوہڑوں کا پانی بھی شامل کردیا گیا، مگر اس کے باوجود پانی ختم ہوگیا۔ اس وقت تمام تالاب اور جوہڑ خشک ہیں اور شہر میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔