انسانی حقوق کیلئے سماجی تنظیمیں، برادریاں کردار اداکریں، یوسف شیخ

انسانی حقوق کیلئے سماجی تنظیمیں، برادریاں کردار اداکریں، یوسف شیخ

مٹیاری میں عوامی فلاح، سماجی تحفظ، مذہبی رواداری کیلئے اقدامات جاری ہیں، ڈپٹی کمشنرافسران غذائیت سے متعلق حکومتی پروگراموں کو مزید مؤثر بنائیں، اجلاس سے خطاب

مٹیاری (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ضلع میں غذائیت، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں، سماجی تنظیموں اور برادریوں کو مشترکہ تعاون کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ایک صحت مند، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات کے تحت ضلع مٹیاری میں عوامی فلاح، سماجی تحفظ اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر تیزی سے عمل جاری ہے ۔ یہ بات انہوں نے لطیف ہال، ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی فار نیوٹریشن اور بین المذاہب ہم آہنگی و انسانی حقوق سے متعلق اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں غذائیت سے متعلق مختلف محکموں کی کارکردگی، بچوں اور خواتین میں غذائی کمی، صحت، تعلیم، سوشل ویلفیئر، پاپولیشن ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کی جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غذائیت سے متعلق حکومتی پروگراموں کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دوسرے اجلاس میں ضلع میں بین المذاہب ہم آہنگی، انسانی حقوق کے تحفظ، اقلیتی برادریوں کو درپیش مسائل اور مذہبی رواداری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں رہنے والی تمام برادریاں برابر احترام اور تحفظ کی حقدار ہیں اور ضلعی انتظامیہ ہر فورم پر ان کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں