واٹرکارپوریشن ،صوبائی حکومت سے جواب طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں اورنگی ٹاؤن میں پانی کے شدید بحران کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت طلب کرلی۔
عدالت نے درخواست پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، صوبائی حکومت اور دیگر فریقین سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اورنگی ٹاؤن کی آدھی سے زائد آبادی پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے جبکہ شہری بنیادی ضرورت سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ علاقے میں 30 سے 45 دن بعد پانی فراہم کیا جاتا ہے جو شہریوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے ۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ٹینکرز کے ذریعے بھی صاف پانی دستیاب نہیں جبکہ عوام شدید اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں۔