ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا آلائشیں دفنانے کے اقدامات کا معائنہ
جی ٹی ایس شرافی، جام چاکرو اور گوند پاس پر خندقوں کی کھدائی آخری مراحل میں عملہ گھر گھر آلائشیں اٹھائے گا،غفلت برداشت نہیں کریں گے ، طارق علیم نظامانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر )منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے جی ٹی ایس شرافی میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں خندقوں میں محفوظ طریقے سے دفن کرنے کے اقدامات کا معائنہ کیا ۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے لئے جی ٹی ایس شرافی پرخندقوں کی کھدائی کا کام آخری مراحل میں ہے ۔ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کل تک تمام کھدائی کے کام کے ساتھ سائٹ پرلائٹس، پانی، چوناو دیگر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔اس کے علاوہ لینڈ فل سائیٹ جام چاکرو اورگوند پاس پر بھی کھدائی کا کام آخری مراحل میں ہے ۔ ٹوٹل 8 خندقیں کھودی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضافی عملہ اور اضافی گاڑیوں، سوزوکیوں کی رجسٹریشن نمبرز اور ڈرائیورز کے فون نمبرزاور لیبر کی تفصیلات کمپنیز سے حاصل کرکے عملے کو متحرک رکھیں۔
کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عملہ گلی، محلوں سے گھر گھر جاکر آلائش اٹھانے کا کام انجام دیں گے ، کلیکشن پوائنٹس کے مقامات پر تعینات عملہ بروقت آلائشوں کو اٹھانے اور لینڈ فل سائیٹ پہنچانے کے امور انجام دیں گے۔ آلائشیں اٹھانے کے بعد کلیکشن پوائنٹس پر چونے کا چھڑکاؤ اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائیگا۔ دیگر تفصیلات میں ہیلپ لائن1128 چوبیس گھنٹے فعال ہے ، ا س کے علاوہ تمام اضلاع میں شکایتی مراکز بنا دئیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں شہریوں سے التماس ہے کہ آلائشوں کو تھیلیوں میں بند کرکے دیں۔