تیزرفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوارکی جان لے لی
حادثہ عمرشریف انڈرپاس میں پیش آیا،45سالہ متوفی کی شناخت نہیں ہوسکیسپرہائی وے پر گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے باعث ایک شخص جاں بحق
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرکے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق اتوارکی صبح فیروزآباد تھانے کے علاقے شہید ملت روڈ عمرشریف انڈرپاس میں خوفناک ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوارشخص شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طورپرجناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج دم توڑگیا۔متوفی شخص کی عمر 45 سال کے قریب ہے اور فوری طورپرمتوفی کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی، پولیس کے مطابق متوفی شخص موٹرسائیکل سوار بلوچ کالونی پل کی طرف جا رہا تھا، پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اورفرارہوگئی،متوفی شخص کی موٹرسائیکل فیروز آباد تھانے منتقل کردی ہے ۔اسی طرح گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے سپرہائیوے پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں جامعہ مسجد کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ،متوفی شخص کی شناخت 30 سالہ ثاقب ولد اظہر افتاب کے نام سے کی گئی ، ریسکیو حکام کے مطابق متوفی شخص گاڑی میں سوار تھا اور گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا گاڑی فٹ ہاتھ سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔ قبل ازیں ناتھا خان پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر جاں بحق ہوگیا۔چھیپا ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش جناح اسپتال منتقل کر دی۔جاں بحق راہگیر کی شناخت نہیں ہو سکی ۔