ڈرون سے نالوں کی صفائی کرپشن کا نیا دھندا ،سیف الدین
28 سال میں صفائی کا نظام نہ بن سکا،سب رقم کرپشن میں ڈبو دی گئیقائد حزب اختلاف کا رواں ہفتے مرکزی نالوں کا دورہ کرنے کا اعلان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائد حزب اختلاف بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نالوں کی صفائی کیلئے ڈرون کے استعمال کا اعلان کرپشن کا نیا دھندا ہے ۔گزشتہ روزاپنے بیان میں انہوں نے نالوں کی صفائی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجائے اس کے کہ صفائی کے کام کو فوری شروع کرایا جائے ایک نئے دھندے کا اعلان ہوگیا ، ڈرون سے نالوں کی صفائی میں مددلینے کا اعلان کرنے والے شاید عقل کے بھی اندھے ہیں، ورنہ کراچی کے نالوں میں بھرا ہوا کچرا تو چاند سے بھی نظر آ جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ جدید صفائی کے نظام کا دعویٰ عوام کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے ،جو لوگ 28 سال میں کراچی میں صفائی اور کچرااٹھانے کا نظام نہیں بناسکے اور سب رقم کرپشن میں ڈبو دی انہیں اب ایک نیا دھندا سوجا ہے ، میئر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ سال 40 کروڑ روپے اور رواں سال 60 کروڑ روپے نالوں کی صفائی کے نام پر منظور کرائے لیکن زمین پر ایک ارب روپے بھی کہاں خرچ ہوئے ، اس کا کوئی نام و نشان نہیں ہے ۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے اعلان کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کی نااہلی اور کرپشن کو بے نقاب کرنے کیلئے وہ رواں ہفتے شہر کے تمام مرکزی نالوں کا خود دورہ کریں گے اور میڈیا کے سامنے کے ایم سی کی اصل کارکردگی کو عیاں کریں گے ۔ عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر اس طرح ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔