گیس کمپنی کی کھدائیوں سے سڑکیں مزید تباہ حال ،سیلانی
سائٹ ایریا میں سڑکوں پر ٹریلرز آئے دن حادثات کا شکار ہورہے ہیں،چیئرمینمولانا بشیر فاروق کی کراچی چیمبر کے وزیر اعلیٰ کو خط کے نکات کی بھرپور حمایت
کراچی (این این آئی) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان حنیف کی جانب سے وزیر اعلی سندھ کے نام لکھے گئے خط کے نکات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے فٹ پاتھوں کی بجائے اچھی بھلی سڑکوں کی کھدائی سے جہاں ایک جانب کراچی کے کروڑوں شہری روزانہ پریشان ہورہے ہیں وہیں کراچی کے بڑے صنعتی زون اور معاشی حب سائٹ ایریا کی سڑکیں جو پہلے ہی کئی سال سے کھنڈر بنی ہوئی تھیں اب گیس کمپنی کی کھدائیوں کی وجہ سے مزید تباہ حال ہوگئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائٹ ایریا میں سڑکوں پر ٹریلرز آئے دن حادثات کا شکار ہورہے ہیں یا کنٹینرز گرنے کی وجہ سے دیگر گاڑیوں کے لیے حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ حکومت سندھ ،بلدیاتی اور متعلقہ وفاقی اداروں نے ملک کے اس اہم ترین تجارتی مرکز کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہوا ہے ۔حقیقت یہی ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس پائپ لائن منصوبوں کی تکمیل کے باوجود شہر بھر میں کھودی گئی سڑکوں کی بروقت بحالی نہیں کی جارہی ہے ۔وزیراعلی سندھ کو چاہیے کہ وہ کراچی چیمبر کے خط کو سنجیدہ لیں۔ متاثرہ سڑکوں کی فوری تعمیرِ نو، ذمہ داروں کے تعین اور متعلقہ اداروں کا احتساب کریں ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ گزشتہ کئی ماہ کے دوران شہر کے متعدد تجارتی، صنعتی اور رہائشی علاقوں میں سڑکیں کھودی گئیں تاہم دوبارہ تعمیر نہیں کیا گیا۔