جیکب آباد:5 ارب 83 کروڑ فنڈخرچ،عوامی مسائل برقرار

جیکب آباد:5 ارب 83 کروڑ فنڈخرچ،عوامی مسائل برقرار

عوام آج بھی صاف پانی، نکاسی آب، صفائی اور بنیادی سہولتوں سے محروم بلدیاتی فنڈز کا آزادانہ آڈٹ، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے ،شہری

جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد کے بلدیاتی نمائندے عوام کو بنیادی سہولتیں دینے میں ناکام، فنڈز خرچ، مسائل برقرار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع میں گزشتہ تین برس کے دوران بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں کو 5 ارب 83 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے ، مگر شہری اور دیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کا بحران جوں کا توں برقرار ہے ۔ اربوں روپے فنڈز کے باوجود عوام آج بھی صاف پانی، نکاسی آب، صفائی، سڑکوں، تعلیمی اداروں اور صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، جس پر بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی ہے ۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق بلدیہ جیکب آباد کو 2 ارب 47 کروڑ 25 لاکھ 99 ہزار روپے ، میونسپل کمیٹی ٹھل کو 97 کروڑ 25 لاکھ روپے ، ٹاؤن کمیٹی گڑھی خیرو کو 45 کروڑ 73 لاکھ 57 ہزار روپے ، ٹاؤن کمیٹی سردار سہراب سرکی کو 27 کروڑ 76 لاکھ 38 ہزار روپے ، ٹاؤن کمیٹی میرپور برڑو کو 45 کروڑ 2 لاکھ 90 ہزار روپے ، ضلع کونسل جیکب آباد کو 1 ارب 6 کروڑ 75 لاکھ 24 ہزار روپے جبکہ ضلع کی 44 یونین کونسلوں کو 1 ارب 34 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد جاری کیے گئے ۔اس خطیر رقم کے باوجود کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ فنڈز کاغذوں میں تو خرچ ہو گئے، مگر زمینی حقائق میں ترقی دکھائی نہیں دیتی۔ شہریوں، سماجی تنظیموں اور مختلف حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اربوں روپے کے بلدیاتی فنڈز کا آزادانہ آڈٹ کراکرذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں