دن دیہاڑے ہرے بھرے درخت کاٹ دیئے
قدرتی طور پر سرسبز سرجانی ٹاؤن ماحولیاتی دہشتگردی کا نشانہ بن گیادرخت کاٹنے کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
کراچی (آئی این پی) شہر قائد جو پہلے ہی ماحولیاتی دہشتگردی کا شکار ہے وہاں دن دیہاڑے ہرے بھرے درختوں کا قتل عام جاری ہے ۔درخت انسانی زندگی کے لیے ضروری ہیں اور پاکستان میں بھی سرسبز انقلاب کے لیے ہر سال شجر کاری کی جاتی ہے ۔ شہر قائد میں بھی موسم بہار کے آغاز میں شجر کاری مہم کی جاتی ہے ۔تاہم کراچی کا تیزی سے آباد ہونے والا علاقہ سرجانی ٹاون جو شہر کے ان علاقوں میں شامل ہے ، جو قدرتی طور پر سرسبز ہیں۔ اب وہ ماحولیاتی دہشتگردی کا نشانہ بنا ہوا ہے ، جہاں دن کے اجالے میں ہرے بھرے درختوں کو بے دردی سے کاٹا جا رہا ہے ۔تاہم حیرت انگیز امر یہ ہے درختوں کی کٹائی والے علاقے کے قریب پولیس تھانہ اور بلدیاتی نمائندے ہونے کے باوجود متعلقہ انتظامیہ مبینہ طور پر خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے ۔انتظامیہ کی مبینہ خاموشی پر یہاں کے رہائشیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ شہری اور حکومتی ادارے تو درخت لگاتے ہیں لیکن یہاں بالکل الٹ کام ہو رہا ہے اور قد آور درخت کاٹ دیے گئے ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہاں تقریباً دو سے ڈھائی ہزار تن آور درخت کاٹ دیے گئے ہیں۔علاقے میں درختوں کے کٹے ہوئے تنے اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہاں کسی قانون کا کوئی خوف نہیں۔ شہری کہتے ہیں کہ مافیا کی جانب سے لکڑی مہنگے داموں بیچنے کے لیے درختوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ وہ یہاں سے ہزاروں درخت کاٹنے جانے کا سختی سے نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔