سکھر ضلع کونسل: 5ارب 39کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش

سکھر ضلع کونسل: 5ارب 39کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش

اخراجات کا تخمینہ 5 ارب 60 کروڑ، متوازن، عوامی بجٹ ثابت ہوگا،چیئرمین سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کو بنیادی سہولیات پہنچانے کو ترجیح دی ہے ،خطاب

سکھر (بیورو رپورٹ) چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے سال 2026 کا بجٹ ایوان میں پیش کردیا ۔سکھر ضلع کونسل کا 5ارب 39کروڑ 64 لاکھ 57 ہزار سے زائد کا بجٹ پیش کیا گیا، جس میں اخراجات کا تخمینہ 5 ارب 60 کروڑ 07 لاکھ 70 ہزار سے زائد ظاہر کیا گیا، جبکہ بجٹ میں 20 کروڑ 43 لاکھ 13 ہزار 437 روپے ظاہر کئے گئے ، بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لیے 4225.628 ملین روپے مختص اوراسی طرح حکومت کی جانب سے او زیڈ ٹی شیئر کی مد میں 1391.06 ملین روپے کی آمدن ہوگی۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ کونسل سکھر ہال میں مالی سال 2026.27 کے 15ویں بجٹ سیشن کا چوتھا اجلاس زیر صدارت چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ کے منعقد ہوا، جس میں ضلع کونسل کے وائس چیئرمین میر اختر خان مہر ، ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل ، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان ودیگر شریک ہوئے ۔اجلاس میں بجٹ پیش کرتے سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ کونسل کا یہ بجٹ متوازن اور عوامی بجٹ ثابت ہوگا ،گزشتہ تین برس میں ایوان نے اتحاد ،وزن اور عوامی خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے ،یہ چوتھا بجٹ اسی عوامی خدمت کے جذبے کے ترقی کے سفر کا تسلسل اور سنگ میل ہے ، ہم نے ہمیشہ سیاست سے بالاتر ہوکر سکھر کے دور دراز دیہات میں بنیادی سہولیات پہنچانے کو ترجیح دی ہے ، ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے ، بجٹ اعدادو شمار کا گورکھ دھندہ یا روایتی جمع تفریق نہیں ہے ،یہ بجٹ سکھر کے ہر غریب ،محنت کش ،کسان ،طالبعلم اور معذور افراد کی خوشحالی کا جامع روڈ میپ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں