بارشوں سے قبل مخدوش عمارتیں خالی کرانے کا فیصلہ
شہر بھرمیں 584مخدوش عمارتیں،59انتہائی مخدوش عمارتوں میں 29انتہائی تاریخی عمارتیں بھی شامل ،90فیصد سے زائد عمارتیں ضلع جنوبی میں ہیںسندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی فوری طور پر انتہائی مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کے لئے نوٹسز جاری کرے گی ،کمشنر حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی انتظامیہ نے مون سون کی بارشوں سے قبل کراچی میں تمام مخدوش اور خطرناک عمارتوں کوخالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ بدھ کو کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ثقافت کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھاری نے کمشنر کراچی کو شہر میں مخدوش اور خطرناک عمارتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
انھوں نے بتایا کہ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کے ایک سروے کے مطابق کراچی میں 584 مخدوش عمارتیں ہیں جن میں 59 انتہائی مخدوش عمارتیں شامل ہیں 59 انتہائی مخدوش عمارتوں میں 29 انتہائی تاریخی عمارتیں بھی شامل ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ مکینوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے انتہائی مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کے لئے ترجیحی اقدامات کی ضرورت ہے ان عمارتوں میں تاریخی عمارتیں بھی شامل ہیں۔ مجموعی طورپر مخدوش عمارتوں میں 29 تاریخی عمارتیں شامل ہیں 90 فیصد سے زائد عمارتیں ضلع جنوبی میں واقع ہیں۔سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ 442 عمارتیں ضلع جنوبی میں واقع ہیں۔ جبکہ ضلع وسطی میں 73 عمارتیں شرقی میں 16، کورنگی ضلع میں 18 کیماڑی ضلع میں 28 ملیر میں 5 غربی میں دو مخدوش عمارتیں واقع ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی فوری خالی کرانے کی مطلوب انتہائی مخدوش کی فہرست فوری طور پر ڈپٹی کمشنرز کو فراہم کرے اورضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کے لئے ترجیحی اقدامات کرے ۔ فیصلہ کیا گیا مخدوش عمارتوں کو ان کی نوعیت کے لحاظ سے گرانے کی کارروائی کی جاے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سے قبل سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی تمام تشہری ذرائع کے ذریعے شہریوں اور مکینوں کی آگاہی کے لئے مخدوش عمارتوں کی فہرست مشتہر کرے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی فوری طور پر انتہائی مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کے لئے نوٹسز جاری کرے گی فیصلہ کیا گیا کہ نوٹسز کی۔ تعمیل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ یوٹیلیٹی اداروں کے تعاون سے مخدوش عمارتوں کے گیس، بجلی اور پانی کے کنکشن منقطع کرنے کی کارروائی کی جاے گی جبکہ متاثرہ مکینوں کی عارضی رہائش یا؛بحالی کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی علی غفران، ڈائریکٹر جنرل محکمہ ثقافت عبدالفتح، مختلف ڈپٹی کمشنرز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔