سکھر:ایل پی جی مافیا بے لگام، بدستور مہنگے داموں فروخت

سکھر:ایل پی جی مافیا بے لگام، بدستور مہنگے داموں فروخت

سرکاری نرخ 243روپے کلو مقرر، بعض علاقوں میں 500میں بیچی جارہیموثر انتظامی نگرانی نہ ہونے سے من مانے نرخ وصول کئے جارہے ہیں، شہری

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر شہر میں ایل پی جی کی قیمتوں پر سرکاری کنٹرول نہ ہونے کے باعث شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ۔مافیا گیس بدستور مہنگے داموں فروخت کررہی ہے ، اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 243 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں یہ360, 460 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے ، جس سے ناجائز منافع خوری عروج پر پہنچ گئی ہے اور مہنگائی سے پریشان عوام کو روزمرہ زندگی میں مزید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں، سماجی تنظیموں اور تاجر برادری نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور قیمتوں کی مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث ایل پی جی مافیا سرعام من مانے نرخ وصول کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود رہ گئے ہیں۔

جبکہ عملی طور پر کسی دکاندار کو سرکاری ریٹ پر ایل پی جی فروخت کرتے نہیں دیکھا جا رہا۔شہریوں کے مطابق شہر کے مختلف بازاروں، رہائشی علاقوں اور مضافات میں ایل پی جی کی قیمتیں ہر دکاندار اپنی مرضی سے مقرر کر رہا ہے ، جبکہ قیمتوں کی جانچ اور اوگرا کے مقررہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانے والا سرکاری نظام غیر مؤثر دکھائی دیتا ہے ۔ اس صورتحال نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ۔دوسری جانب شکارپور روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد غیرقانونی ایل پی جی ریفلنگ سینٹر اور سیل پوائنٹس بلاخوف و خطر کام کر رہے ہیں، جہاں حفاظتی اصولوں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں