ملیر الفلاح میں 11 سالہ بچی کی ہلاکت کا واقعہ نیا رخ اختیار کر گیا

ملیر الفلاح میں 11 سالہ بچی کی ہلاکت کا واقعہ نیا رخ اختیار کر گیا

اہلخانہ نے پولیس کے حادثے کے مؤقف کو مسترد کردیا،جھولے والے پر قتل کا الزام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ملیر الفلاح میں بابا ولایت شاہ مزار کے قریب 11 سالہ بچی کی ہلاکت کا واقعہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے جہاں اہلخانہ نے پولیس کے حادثے کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے قتل کا الزام عائد کیا ہے ۔پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو جھولے سے گرنے کا حادثہ قرار دیا تھا، تاہم اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کی بچی فریدہ کو جھولے والے نے ڈنڈے کے وار کرکے قتل کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچی کے اہلخانہ نے الزام لگایا کہ گردن اور سر پر ڈنڈے لگنے کے باعث بچی کی جان گئی۔

بچی کے دادا نے دعویٰ کیا کہ محسن نامی شخص نے بچی کو ڈنڈا مارا جس کی علاقے میں پنکچر کی دکان ہے جبکہ دادی نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ سر اور گردن پر لگنے والی چوٹیں ہی موت کی وجہ بنیں۔ اہلخانہ نے مزید الزام عائد کیا کہ واقعے کے بعد ہم نے پولیس کو بیان دیا جس پر دو افراد گھر میں آئے ، خواتین پر تشدد کیا اور پستول کے بٹ مار کر زخمی کر دیا۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے ،لیکن تاحال نہ کوئی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے ۔دوسری جانب پولیس کی جانب سے ان الزامات پر تاحال باضابطہ ردعمل  سامنے نہیں آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں