کمشنر نے سات روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا
پانچ سال تک کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گےسیکورٹی کے لئے خصوصی انتظامات،26 ہزار پولیو ورکرز فرائض انجام دیں گے
کراچی (این این آئی ) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے پیر کو انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ہیلتھ حکومت سندھ طاہر حسین سانگی کو آرڈینٹر ای او سی شہر یار میمن ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسوکو آرڈی نٹیر کراچی پولیو ٹاسک فورس سعود یعقوب کھوسو اور محکمہ صحت سینٹر پولیس افسران اور دیگر کی شرکت۔ کمشنر نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوے کمشنر نے کہا کہ مہم 12 جولائی تک جاری رہے گی پانچ سال تک کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا انسداد پولیو مہم میں ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں محکمہ صحت اور عالمی اداروں اور فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات اور کمیونٹی کے لوگوں کا تعاون قابل قدر ہے۔
انھوں نے کہا کہ مہم کی سیکورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اس موقع پر سات ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو سیکورٹی کے فرائض انجام د ے رہے ہیں جبکہ 26 ہزار پولیو ورکرز فرائض انجام دے رہے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے ملک سے پولیو کے خاتمہ کے لئے قومی جذبہ سے جدوجہد کی جارہی ہے امید ہے پاکستان جلد پولیو سے پاک ملک ہوگا۔مزید برآں ایس ایس پی کیماڑی کی زیر نگرانی سخت سکیورٹی حصار میں پولیو مہم کا آغاز کیا گیا،اس دوران 1200سے زائد افسران و جوان پولیو ٹیموں کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات پر مامور ہیں جبکہ سول کپڑوں میں اسٹاف سمیت کوئیک رسپانس ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔