ائرپورٹ کے اطراف کچرے کی ڈمپنگ روکنے کا فیصلہ

 ائرپورٹ کے اطراف کچرے کی ڈمپنگ روکنے کا فیصلہ

پرندوں کے طیاروں سے ٹکراؤ کے مسئلے پرضلعی انتظامیہ، بلدیہ عظمیٰ، سالڈ ویسٹ ، کنٹونمنٹ بورڈ، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور پولیس افسران پر مشتمل کمیٹی قائممستقل بنیادوں پر صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں گے ،چکور نالہ سمیت مختلف مقامات سے کچرا اٹھانے کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا،کمشنر کی زیرصدارت اجلاس

کراچی (این این آئی) کراچی میں پرندوں کے طیاروں سے ٹکراؤ (برڈ اسٹرائیک) کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کراچی انتظامیہ نے مربوط اور موثر اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ پیر کو کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز اقرا جنت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شرقی بخت علی، ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رمضان پٹھان، ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر محمد قاسم خلجی، انوائرمنٹ کنٹرول آفیسر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی عادل شہزاد، ایڈیشنل سی ای او شاہ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ ضمیر حسین، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن ماڈل کالونی، ضلعی انتظامیہ ملیر و کورنگی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے افسران نے تھڈو نالہ، چکور نالہ، حبیب یونیورسٹی کے اطراف اور دیگر علاقوں میں پرندوں کی موجودگی کے باعث طیاروں کو لاحق خطرات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹ کے اطراف ایسے تمام علاقوں میں جہاں پرندوں کے باعث طیاروں کو خطرات لاحق ہیں، کچرے کی ڈمپنگ کی سختی سے روک تھام کی جائے گی اور مستقل بنیادوں پر صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چکور نالہ سمیت مختلف مقامات سے کچرا اٹھانے کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اجلاس کو بتایا کہ چکور نالہ کی صفائی کا کام جاری ہے ۔اجلاس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ صرف چوکنگ پوائنٹس کی صفائی کافی نہیں، بلکہ نالوں کے اندر موجود کچرے کو بھی مکمل طور پر نکال کر فوری طور پر مناسب مقام پر منتقل کرنا ضروری ہے تاکہ کچرا پرندوں کو متوجہ نہ کرے اور طیاروں کو درپیش خطرات میں کمی آئے۔

اجلاس میں چکور نالہ سے ملحقہ اپارٹمنٹس کے مکینوں کی جانب سے نالے میں کچرا پھینکنے کی شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر شرقی اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کریں گے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شرقی-II کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کنٹونمنٹ بورڈ، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور پولیس کے افسران شامل ہوں گے ۔کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایئرپورٹ کے دو کلومیٹر کے دائرے میں واقع تمام اپارٹمنٹس کی ریزیڈنٹس ایسوسی ایشنز سے رابطہ کرکے اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی بھی مکین نالوں میں کچرا نہ پھینکے ، تاکہ پرندوں کی تعداد میں کمی آئے اور طیاروں کو درپیش برڈ اسٹرائیک کے خطرات کو موثر انداز میں کم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں