عوام 6ستمبر کے تاریخی اجتماع کے لیے تیار ہوجائیں،راجا اظہر
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی شاہراہِ قائدین پر جلسے سے خطاب کریں گےشہری اپنے حقوق کیلئے مزید خاموش نہیں رہینگے ،سینئر نائب صدر پی ٹی آئی سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر راجا اظہر نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام 6 ستمبر کے تاریخی عوامی اجتماع کے لیے تیار ہوجائیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی شاہراہِ قائدین پر عوامی جلسے سے براہِ راست خطاب کریں گے ۔ راجا اظہر نے کہا کہ کراچی کے عوام آج بنیادی سہولیات، صاف پانی، بہتر ٹرانسپورٹ، صفائی اور شہری انفراسٹرکچر جیسے سنگین مسائل کا سامنا کررہے ہیں، تاہم سندھ حکومت کئی سال اقتدار میں رہنے کے باوجود ان مسائل کا مستقل حل فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے عوام کو محض وعدوں اور اعلانات سے مزید مطمئن نہیں کرسکتی، شہر کے مسائل کے حل کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ کراچی کے شہری اپنے بنیادی حقوق کے لیے اب مزید خاموش نہیں رہیں گے ۔ پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر راجا اظہر نے کہا کہ 6 ستمبر کا جلسہ کراچی کے عوام کی آواز بنے گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی عوام سے براہِ راست خطاب کریں گے اور ملک بالخصوص کراچی کی موجودہ صورتحال پر اپنا مؤقف پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام 6 ستمبر کو بڑی تعداد میں شاہراہِ قائدین پہنچیں اور ثابت کریں کہ کراچی کے شہری اپنے حقوق، آئین کی بالادستی اور حقیقی عوامی مینڈیٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ راجا اظہر نے تحریک انصاف کے کارکنان، نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور شرکت کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments