شہید ملت روڈ پربغیر حفاظتی انتظامات تعمیرات، بڑا حادثہ ٹل گیا
دادا پوتی کے گزرنے کے دوران پاپولر ٹاور کی بلندی سے سیمنٹ کے تھیلے نیچے گرے 20ویں منزل پرلکڑی کے عارضی پلیٹ فارم کے ذریعے اٹھائے جارہے تھے ، شہری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہید ملت روڈ پر جاری تعمیراتی منصوبے میں حفاظتی اقدامات کے فقدان سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ متاثرہ شہری نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انکے والد اور کمسن بیٹی موٹر سائیکل پر شہید ملت روڈ پر بچہ پارٹی کے قریب سے گزر رہے تھے کہ اسی دوران دلارا پاپولر ٹاور کے زیر تعمیر منصوبے سے اوپر منتقل کیے جانیوالے سیمنٹ کے تھیلے اچانک سڑک پر آ گرے ۔ ان کے مطابق یہ تھیلے تقریباً 20ویں منزل تک ایک عارضی لکڑی کے پلیٹ فارم کے ذریعے اٹھائے جا رہے تھے اور حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر تھے ۔شہری نے بتایا کہ گرنے والے تھیلے انکے والد اور بیٹی سے محض چند انچ کے فاصلے پر گرے، جس کے باعث دونوں شدید خوفزدہ ہو گئے ۔ اگر تھیلے کسی پر گر جاتے توایک جانی نقصان ہوسکتا تھا۔ واقعے کے بعد دونوں افراد کے کپڑے سیمنٹ کی گرد سے بھر گئے جبکہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ تعمیراتی مقام پر عوام کے تحفظ کیلئے نہ تو حفاظتی جال نصب تھے اور نہ ہی سڑک سے گزرنے والوں کو ممکنہ خطرات سے بچانے کیلئے کوئی مؤثر انتظامات موجود تھے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، لیبر اور سیفٹی سے متعلق ادارے مذکورہ تعمیراتی مقام کا معائنہ کریں، حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کانوٹس لیں اورذمہ داران کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ کسی ممکنہ جانی نقصان سے قبل ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments