خاتون پر تیزاب حملہ،وزیراعلیٰ اوروزیر داخلہ کانوٹس
متاثرہ خاتون گھریلو ملازمہ ،سول اسپتال منتقل، ملزم کی تلاش شروع رپورٹ طلب، خاتون کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں،مراد علی شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)کلفٹن کے علاقے اپر گزری میں نامعلوم شخص کی جانب سے تیزاب پھینکے جانے سے ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی،وزیراعلیٰ اورداخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اورواقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ناصر فلٹر پلانٹ کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم فرد نے گلی سے گزرنے والی خاتون پر تیزاب پھینک کر فرار ہونے کی کوشش کی۔زخمی خاتون کی شناخت 30 سالہ ممتاز زوجہ دہراج کے نام سے ہوئی ہے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی کو فوری طبی امداد کے بعد سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا۔ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق متاثرہ خاتون گھریلو ملازمہ ہے ۔ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ جائے وقوعہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہیں۔ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے گزری میں خاتون پر تیزاب گردی کے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا۔وزیراعلیٰ نے واقعے پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاتون کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ملزم کو فوری گرفتار کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ سے واقعے کی فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ا نہوں نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments