سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی میں داخلہ، طلبا فائدہ اٹھائیں، وی سی
یہ عام ادارہ نہیں، تاریخی میراث، تعلیمی معیار کی بدولت منفرد شناخت، ڈاکٹر مجیبایس ایم یو کی میراث کا احترام، والدین کی قربانیوں کا پاس رکھیں، طلبا سے خطاب
کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا ہے کہ سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کوئی عام ادارہ نہیں بلکہ یہ ملک کا ایک ممتاز اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے ، جو اپنی تاریخی میراث اور تعلیمی معیار کی بدولت منفرد شناخت رکھتا ہے ۔فال 2026 کی اورینٹیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی میں نئے داخلہ لینے والے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ملنے والے موقع کی قدر کریں، اپنے والدین کی قربانیوں کا پاس رکھیں، ایس ایم آئی یو کی میراث کا احترام کریں، یونیورسٹی کمیونٹی کے ساتھ اپنائیت کا احساس پیدا کریں اور بامقصد کیریئر کی تعمیر کیلئے اکیسویں صدی کے غیر معمولی مواقع سے استفادہ کریں۔ڈاکٹر صحرائی نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ شعبوں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔ وائس چانسلر نے پاکستان کے بانی قائدِ اعظم محمد علی جناح کی شخصیت اور اس ادارے کے ساتھ ان کے تاریخی تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی وصیت کے ذریعے اپنی جائیداد کا ایک تہائی حصہ ایس ایم آئی کے نام کیا تھا اور 1943 میں یہاں کالج کا افتتاح بھی کیا تھا۔ڈاکٹر مجیب صحرائی نے طلبہ پر زور دیا کہ ایس ایم آئی یوکی تاریخی عمارتوں اور ماحول کا احترام اور تحفظ کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments