غیرت کے نام پر قتل کا مرکزی ملزم مقتولہ کا سگا بھائی گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں 21 ستمبر کو جرگے میں غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت، پولیس نے مرکزی ملزم مقتولہ کے سگے بھائی کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ مسرور احمد جتوئی کے مطابق مقتولہ زرقہ کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اس کا سگا بھائی ہے جو واردات کے بعد سے فرار تھا۔ایس ایس پی مسرور جتوئی کے مطابق مقتولہ کے سگے بھائی سفیر نے اپنے دیگر رشتہ داروں کے مشورے سے فائرنگ کر کے بہن کو قتل کر دیا تھا، مقتولہ زرقہ نے 9 ستمبر کو اپنی مرضی سے گھر سے جانے کے بعد اپنے کزن عبدالمالک سے پسند کی شادی کی تھی جس پر اہل خانہ ناراض تھے ۔ایس ایس پی کے مطابق مبینہ طور پر مقتولہ کے اہل خانہ نے باہمی مشاورت کے بعد جرگے اور صلح کے نام پر اسے واپس گھر بلایا اور واپسی کے روز ہی اسے قتل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر دیگر ملزمان ادریس اور شیراز کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments