حیدر آباد:ڈی ایس پی پٹرولنگ کی فائرنگ سے زخمی شہری چل بسا

حیدر آباد:ڈی ایس پی پٹرولنگ کی فائرنگ سے زخمی شہری چل بسا

اشرف قریشی کی اندھا دھند فائرنگ، ارشاد قاضی کو جسم پر3گولیاں لگی تھیںپنیاری پولیس نے ملزم پکڑلیا، خصوصی عدالت سے 14روزہ ریمانڈ حاصل

حیدرآباد (بیورو رپورٹ)معمولی تلخ کلامی اور گاڑی پارکنگ کے تنازع پر ہائی وے پٹرولنگ کے ڈی ایس پی کی مبینہ اندھا دھند فائرنگ سے زخمی شہری اسپتال میں دم توڑ گیا۔ پنیاری تھانے کی حدود گتہ گراؤنڈ نورانی بستی میں دو روز قبل گاڑی کی پارکنگ کے معمولی تنازع پر ڈی ایس پی سندھ پولیس ہائی وے پٹرولنگ اشرف قریشی نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی تھی۔ اس اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ارشاد قاضی سمیت تین علاقہ مکین شدید زخمی ہو گئے تھے ، جنہیں تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا تھا۔ارشاد قاضی کو جسم پر تین گولیاں لگی تھیں، جو گزشتہ دو روز سے سول اسپتال کے آئی سی یو میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کا مقدمہ مقتول ارشاد کے بھائی کی مدعیت میں متعلقہ تھانہ پنیاری میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق قانونی اور ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتول ارشاد قاضی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی جائے گی۔ دوسری جانب، پنیاری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے ملزم ڈی ایس پی اشرف قریشی کو سینٹرل جیل میں قائم انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے عدالت سے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم ڈی ایس پی کو 4 روزہ تفتیشی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...