ماہی گیروں کے مفادات کا تحفظ حکومت کی ترجیح ، محمد علی ملکانی
فلاح و بہبود کیلئے متعلقہ اداروں کے اشتراک سے اقدامات کیے جائیں گےصوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس،ممنوعہ باریک جالوں کی درآمد کی نگرانی کا جائزہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ ماہی گیری کے شعبے کو منظم بنانے ، سمندری حیات اور قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے متعلقہ اداروں کے اشتراک سے اقدامات مؤثر بنائے جائیں گے ۔ سمندری وسائل کا تحفظ اور ماہی گیروں کے جائز مفادات کا خیال رکھنا حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔وہ کراچی فشریز ہاربر میں صوبائی فشریز ریگولیٹری ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ، جس میں ماہی گیری کے قوانین پر عملدرآمد، فشنگ لائسنس کے غلط استعمال کی روک تھام، ممنوعہ جالوں کے استعمال اور درآمد کی نگرانی سمیت شعبے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ماہی گیری کے شعبے میں قانونی ضوابط پر موثر عملدرآمد اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
شرکا نے فشنگ لائسنس کے درست استعمال، غیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام اور ممنوعہ باریک جالوں کے استعمال و درآمد کی نگرانی کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں ماہی گیروں کو نئے ضوابط سے آگاہ کرنے ، کچھوؤں کے تحفظ کے لیے مخصوص آلات (ٹی ای ڈی) کی تنصیب و استعمال، جہازوں کی نگرانی کے نظام (وی ایم ایس) اور غیر مجاز جیٹیوں کی رجسٹریشن سے متعلق امور بھی زیر غور آئے ۔ اس کے علاوہ حکومت سندھ کی جانب سے قائم کردہ تیرتی جیٹیوں کے مؤثر استعمال، دیکھ بھال اور ماہی گیروں کو سہولتوں کی فراہمی پر بھی گفتگو کی گئی۔شرکا نے فشریز ہاربر میں امن و امان کی صورت حال، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments